جیل میں رہ کر بھی الیکشن لڑوں گا: شیخ رشید کا بڑا اعلان

سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ جیل میں رہ کر بھی الیکشن لڑوں گا۔

لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے بولنا شروع کر دیا ہے، اب میں بھی بولوں گا، یکم جنوری کے بعد میں پریس کلبوں کا دورہ کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ چلے سے پہلے ہائیکورٹ میں پولیس نے بیان دیا ان پر کوئی مقدمہ نہیں ہے، جتنے مقدمات میں نام ہے عدالت نے اس کی تفصیلات مانگی ہیں، کل اے ٹی سی میں میری ضمانتوں پر فیصلہ ہے۔

سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جیل میں رہ کر بھی الیکشن لڑوں گا، لطیف کھوسہ، اعتزاز، سلمان اکرم، سردار عبدالرازق، سردار شہباز کو وکالت نامے دے دیئے ہیں اگر جیل میں بھی گیا تو وہ میرے اٹارنی ہوں گے۔

شیخ رشید احمد نے مزید کہا کہ وہ جو کہتے تھے ووٹ کو عزت دو، وہ بھی بلاول نے کل انوکھا لاڈلا سے چھین لیا ہے۔

قبل ازیں لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ نے شیخ رشید کی پنجاب میں درج مقدمات کی تفصیلات فراہمی سے متعلق دائر درخواست پر سماعت کی۔

شیخ رشید اپنے وکیل سردار عبدالرازق اور سردار شہباز کے ہمراہ لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس چودھری عبدالعزیز کی عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ایک ہفتے میں جواب طلب کر لیا اور کیس کی سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دی۔