انتخابی ضابطہ اخلاق تیار‘ الیکشن شیڈول کے ساتھ جاری کرنے کا فیصلہ 

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے انتخابی ضابطہ اخلاق تیار کرتے ہوئے الیکشن شیڈول کے ساتھ جاری کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

 الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے تیار کیا ہے، الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کی تجاویز کو بھی ضابطہ اخلاق میں شامل کیا ہے،۔

 ضابطہ اخلاق میں کہا گیا ہے کہ سیاسی جماعتیں، امیدوار نظریہ پاکستان اور پاکستان کی خود مختاری و سالمیت کے خلاف بات نہیں کریں گے، سیاسی جماعتیں انتخابی مہم کے دوران الیکشن کمیشن کی تضحیک سے اجتناب کریں گے۔

 ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ضابظہ اخلاق میں درج ہے کہ سیاسی جماعتیں، امیدوار کسی بھی دوسرے شخص کو بطور امیدوار دستبردار ہونے کے لیے تحائف، لالچ یا رشوت دینے سے گریز کریں گے۔

 سیاسی جماعتیں، امیدوار انتخابی عملہ اور پولنگ ایجنٹس کے تحفظ کے لیے سکیورٹی فورسز سے مکمل تعاون کریں گے۔سیاسی جماعتیں کسی بھی اسمبلی میں جنرل نشستوں پر 5 فیصد خواتین کوٹہ پر عملدرآمد یقینی بنائیں گی۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ ضابطہ اخلاق میں سیاسی جماعتیں، امیدوار پولنگ کے دن تشدد کی ترغیب سے سختی سے اجتناب کی ہدایت کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ انتخابی مہم کے دوران ہتھیار اور آتشیں اسلحہ کی نمائش پر مکمل پابندی ہو گی، عوامی اجتماعات، پولنگ سٹیشن کے اطراف میں ہوائی فائرنگ اور پٹاخوں کی اجازت نہیں ہو گی۔

 ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ضابطہ اخلاق میں کہا گیا ہے کہ قومی اسمبلی کے امیدوار الیکشن میں ایک کروڑ روپے تک اخراجات کر سکیں گے، صوبائی اسمبلی کے امیدوار 40 لاکھ روپے سے زائد اخراجات نہیں کر سکیں گے۔

 کامیاب امیدوار انتخابی اخراجات کی تفصیلات فوری ریٹرننگ افسران کو جمع کرائیں گے جب کہ الیکشن ایجنٹ کا متعلقہ حلقے کا ووٹر ہونا لازم قرار دیا گیا ہے۔