اینکر اشفاق ستی کو معطل کر دیا گیا

نجی ٹی وی چینل اے آر وائی کی انتظامیہ نے اینکر پرسن اشفاق ستی پر گھریلو تشدد کے الزامات کا سخت نوٹس لے لیا ہے۔

نجی ٹی وی کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر کہا گیا ہے کہ اشفاق ستی کو فوری طور پر معطل کیا جاتا ہے جب تک کہ قانون اپنا راستہ اختیار نہیں کرتا اور اس معاملے کا فیصلہ نہیں کرتا۔

 نجی ٹی وی تشدد یا تشدد کی دھمکیوں کے بارے میں زیرو ٹالرنس کی پالیسی رکھتا ہے چاہے وہ کام کی جگہ پر ہو یا گھریلو

یاد رہے نجی ٹی وی چینل اے آر وائی  کے مارننگ شو کے میزبان اشفاق ستی کی اہلیہ کی جانب سے اُن پر مبینہ تشدد کا الزام لگایا گیا ہے، زخمی ہونے کی تصاویر بھی شیئر کردیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اینکر کی اہلیہ نومیکا اشفاق ستی کی طرف سے کی گئی پوسٹ خبروں کی زینت بنی ہوئی ہے۔ اپنی پوسٹ میں انہوں نے اپنے شوہر کے خلاف بدترین تشدد کے الزامات لگاتے ہوئے ایف آئی آر کی کاپی شیئر کی ہے۔

نومیکا اشفاق ستی نے لکھا کہ ‘میں اپنے پورے جسم، اپنی پسلیوں، اپنے جبڑے اور اپنے چہرے پر متعدد زخموں کے ساتھ تکلیف میں یہ لکھ رہی ہوں، میرے جسم کا ہر حصہ بری طرح زخمی ہے۔’

انہوں نے لکھا کہ ‘مجھے میرے اپنے شوہر اشفاق ستی نے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔ مجھے آپ کی مدد اور تعاون کی ضرورت ہے کیونکہ وہ ایک بہت بااثر شخص ہے۔’

پولیس کی جانب سے پیر کے روز نجی ٹی وی چینل کے میزبان کے خلاف اہلیہ کے کہنے پر مقدمہ درج کیا۔ پولیس کے مطابق اینکر کے خلاف مقدمے میں دھمکی اور تشدد سے متعلق سیکشز درج کیے گئے ہیں۔

نومیکا اشفاق ستی کی اس پوسٹ کو زیادہ اہمیت تب ملی جب سماجی کارکن جبران ناصر سمیت معروف اینکر رابعہ انعم نے بھی اس سے متعلق پوسٹس کیں۔