ایل او سی پر حملے کا خدشہ، بھارت کو منہ توڑ جواب دیں گے: وزیر دفاع

وزیر دفاع خواجہ آصف نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان کو اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ بھارت لائن آف کنٹرول کے اطراف کسی بھی جگہ حملہ کر سکتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر بھارت نے کوئی جارحانہ قدم اٹھایا تو اسے بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف پہلے ہی بین الاقوامی تحقیقاتی کمیشن کے قیام کا مطالبہ کر چکے ہیں تاکہ پہلگام واقعے کی شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات ہو سکیں۔ خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ یہ تحقیق ثابت کر سکتی ہے کہ بھارت خود اس واقعے میں ملوث ہے یا کوئی مقامی گروہ اس کے پیچھے ہے۔

انہوں نے مودی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اس پر سچ اور جھوٹ کا فیصلہ ہونا چاہیے۔ مودی خطے کا امن داؤ پر لگا رہا ہے اور اپنی سیاسی مقبولیت کے لیے خطرناک کھیل کھیل رہا ہے۔ وزیر دفاع نے الزام عائد کیا کہ بھارت خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کروا رہا ہے، اور 2016-17 میں اقوام متحدہ میں اس حوالے سے ثبوت بھی جمع کرائے جا چکے ہیں۔