20 کروڑ سبسکرائبرز پر یوٹیوب کا مسٹر بیسٹ کو خصوصی ایوارڈ

دنیا کے مشہور ترین یوٹیوبر مسٹر بیسٹ کو 20 کروڑ سبسکرائبرز مکمل ہونے پر یوٹیوب نے خصوصی ایوارڈ سے نواز دیا۔

مسٹر بیسٹ کے نام سے یوٹیوب چینل چلانے والے جمی ڈونلڈسن اس وقت دنیا کے سب سے زیادہ مقبول یوٹیبر ہیں۔ مارچ 2024 تک مسٹر بیسٹ 243 ملین سبسکرائبرز کے ساتھ یوٹیوب پر سب سے زیادہ سبسکرائب کیا جانے والا انفرادی چینل ہے۔

مسٹر بیسٹ مجموعی طور پر بھارت کے ٹی سیریز (261 ملین) کے بعد دوسرا سب سے زیادہ سبسکرائب کیا جانے والا چینل ہے۔

مسٹر بیسٹ نے گزشتہ روز انسٹاگرام پر اپنے دوستوں کے ساتھ ایک تصویر شیئر کی جس میں ان کے چینل کے لوگو کی طرح دکھنے والی ٹرافی موجود تھی۔

مسٹر بیسٹ نے کیپشن میں لکھا کہ یوٹیوب نے ہمیں 200 ملین سبسکرائبرز ہونے پر یہ ایوارڈ بھیجا ہے۔ ان کی انسٹاگرام پوسٹ کو 3.2 ملین سے زیادہ لائیکس ملے۔

یہ پہلا موقع نہیں ہے جب مسٹر بیسٹ کو یوٹیوب نے اعزاز سے نوازا ہو۔ 28 جولائی 2022 کو یوٹیوب نے مسٹر بیسٹ کو ریڈ ڈائمنڈ ایوارڈ دیا تھا جو 100 ملین سبسکرائبرز تک پہنچنے والے تخلیق کاروں کو دیا جاتا ہے۔

اب تک صرف نو چینلوں کے پاس ریڈ ڈائمنڈ ایوارڈ ہے جس میں تین بھارتی چینل زی میوزک (Zee Music Company)، ٹی سیریز (T-Series) اور سیٹ انڈیا (SET India) بھی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ سلور پلے بٹن یوٹیوب کا پہلا ایوارڈ ہے جو ایک لاکھ سبسکرائبرز تک پہنچنے والے چینل کو دیا جاتا ہے۔ 10 لاکھ سبسکرائبرز پر گولڈن پلے بٹن جبکہ ایک کروڑ سبسکرائبرز پر ڈائمنڈ پلے بٹن سے نوازا جاتا ہے۔ ریڈ ڈائمنڈ ایوارڈ 10 کروڑ سبسکرائبرز عبور کرنے کے بعد ملتا ہے۔