پی سی بی کے ڈائریکٹر لیگل بلال رضا عہدے سے مستعفی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ڈائریکٹر لیگل بلال رضا اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے۔

نئی سلیکشن کمیٹی کے آنے کے بعد ایک ہفتے کے اندر پی سی بی سے دوسرا بڑا استعفیٰ آگیا۔ ڈائریکٹر لیگل پی سی بی بلال رضا نے اپنے فرائض سرانجام دینے سے معذرت کرلی۔

پی سی بی کی جانب سے ڈائریکٹر لیگل کے مستعفی ہونے کی تصدیق بھی کردی گئی۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں ڈائریکٹر کمرشل پی سی بی بابر حامد بھی اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے تھے۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے چند روز قبل تمام ڈائریکٹرز کے ساتھ میٹنگ کی تھی۔ میٹنگ میں ڈائریکٹرز کے کام سے متعلق تفصیلی بریفنگ لی گئی تھی۔

یہ بھی ذہن میں رہے کہ چیئرمین پی سی بی کی طرف سے حال ہی میں پی سی بی کی سلیکشن کمیٹی تحلیل کردی گئی تھی جس کے بعد 7 رکنی نئی کمیٹی کا اعلان کیا گیا تھا۔ محسن نقوی کے مطابق نئی کمیٹی میں کوئی چیف سلیکٹر نہیں ہوگا۔