پاک نیوزی لینڈ پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ، عماد کو باہر بٹھانے پر سابق کرکٹرز برہم

نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں آل راؤنڈر عماد وسیم کو باہر بٹھانے پر سابق کرکٹرز نے کپتان بابراعظم کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

راولپنڈی میں شیڈول پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ بارش کی نذر ہوا، جہاں محض دو گیندوں کا کھیل ممکن ہوسکا تھا، تاہم پلئینگ الیون میں عماد وسیم کے بجائے شاداب خان کو موقع دیے جانے پر سابق کرکٹرز نے ٹیم مینجمنٹ اور کپتان پر تنقید کے نشتر چلائے۔

سابق کرکٹر اقبال قاسم نے کہا کہ شاداب خان کی جگہ عماد کو منتخب کیا جانا چاہیے تھا، اتنا شور مچا کر محمد عامر اور عماد وسیم کو ٹیم میں لایا گیا تو انہیں موقع دیں تاکہ اپنی فارم بحال کرسکیں۔

اسی طرح سابق کرکٹر و چیف سلیکٹر محسن خان نے تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عماد وسیم اور محمد عامر کو میگا ایونٹس سے قبل زیادہ سے زیادہ موقع فراہم کرنا چاہیے۔