محمد رضوان نے ٹی 20 میں بابر اور ویرات کا ریکارڈ توڑ دیا

راولپنڈی: قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر اور بیٹر محمد رضوان نے بابر اعظم اور ویرات کوہلی کا ریکارڈ توڑ دیا۔

قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر محمد رضوان نے ٹی 20 میں تیز ترین 3 ہزار رنز بنانے کا ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔ محمد رضوان نے تیز ترین رنز بنانے کا کارنامہ 79وین اننگز میں حاصل کیا۔

اس سے قبل بابر اعظم اور ویرات کوہلی نے 81 ویں، 81 ویں اننگز میں 3 ہزار ٹی 20 رنز مکمل کیے تھے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز دوسرے ٹی 20 میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 7 وکٹوں سے ہرا دیا، قومی ٹیم نے 91 رنز کا ہدف 12 ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔

راولپنڈی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

نیوزی لینڈ کے بیٹرز پاکستانی تجربہ کار باؤلرز کے آگے بے بس نظر آئے اور دیکھتے ہی دیکھتے ان کی وکٹیں گرتی چلی گئیں۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے چیپ مین 19 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ محمد عامر، ابرار اور شاداب نے 2،2 وکٹیں لیں۔

ہدف کے تعاقب میں صائم ایوب 4 رنز بنا کر جلد پویلین لوٹ گئے، بابراعظم اور عثمان خان بھی بڑی باری لینے میں ناکام رہے۔ تجربہ کار بیٹر محمد رضوان نے 45 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی۔

پاکستان کو 5 میچوں پر مشتمل سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہو گئی۔