ایرانی صدر کا پاکستان آنا ہی اہم، امریکی پابندیوں کی پرواہ نہیں، اسحاق ڈار

وفاقی وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ امریکا کی جانب سے پابندیوں کی پرواہ نہیں، وہی کریں گے جو قومی مفاد میں ہوگا۔

غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی پاکستان آمد سے متعلق اظہار خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی صدر کے دورہ سے متعلق اپوزیشن کو اعتماد میں لیں گے۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ایرانی صدر کا پاکستان آنا ہی اہم ہے۔ مشترکہ علامیہ میں پاک ایران گیس پائپ لائن کا ذکر نہ ہونا کوئی بڑا مسئلہ نہیں، مشترکہ علامیہ میں نے خود لکھا ہے۔

امریکا کی جانب سے پاکستان پر پابندیاں لگائے جانے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکی پابندیوں کی پرواہ نہیں ہے۔ امریکی رپورٹ پر ہم نے بہترین اور مفصل جواب دیا ہے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کے ہمراہ کل دورہ سعودی عرب پر جائیں گے۔

خیال رہے کہ امریکی وزارت خارجہ کے نائب ترجمان ویدانت پٹیل نے حال ہی میں پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ ایران کے ساتھ کاروباری معاہدوں کو بڑھاوا دینے والوں کو وارننگ دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاک ایران نئے معاہدوں میں اگر پیش رفت ہوئی تو پابندیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔