فوج کو متنازع بنانے کا ڈرامہ بند ہونا چاہئے، سینیٹر فیصل واوڈا

آزاد سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ فوج کو متنازع بنانے کا ڈرامہ بند ہونا چاہئے، مذاکرات کی کوشش کی گئی تھی، جب رسپانس نہیں آیا تو نیا بیان آ گیا۔

نجی ٹی وی سے گفتگو میں سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ اگر آپ ماضی کو دیکھیں تو پہلے سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ بہت برے آدمی تھے۔ انہوں نے رجیم گرا دی تھی اور بہت کچھ کر دیا تھا۔ پھر پی ٹی آئی نے ان کو ایک اور ایکسٹیشن دینے کا کہا، میں اس وقت پارٹی کا حصہ تھا۔ کہا کہ ہم آپ پر اتنا بھروسہ کرتے ہیں کہ آپ کے ہوتے ہوئے ہم الیکشن کرانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پہلے باجوہ صاحب برے تھے پھر اچھے ہوگئے۔یہ پی ٹی آئی کا دوہرا معیار ہے۔ ایک بار فیصلہ کر لیں کہ یا وہ اچھے تھے یا وہ برے تھے۔ پھر انہوں نے کہا کہ یہ آرمی کی جو رجیم آئی ہے اس نے ہمارے خلاف یہ سارا کچھ کیا ہے۔ پھر پی ٹی آئی والوں نے ان کو پیغامات پہنچائے کہ ہم آپ سے بات کرنا چاہتے ہیں۔ اسی چیف اور اسی ڈی جی آئی ایس آئی سے بات کرنا چاہتے ہیں۔ یہ ڈرامہ اب ختم ہونا چاہیے۔ فوج کو متنازع بنانا اور اس پر بار بار گیم کھیلنا قابل قبول نہیں ہے۔