شادی کی تقریب میں ون ڈش پر سختی سے عملدرآمد کا حکم

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے بھر میں شادی کی تقریب میں ون ڈش پر سختی سےعملدرآمد کا حکم دے دیا۔

مریم نواز کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 6 واں اجلاس ہوا جس میں پنجاب میں مفت کینسر ادویات پراجیکٹ میں مزید مریض شامل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

علاوہ ازیں سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ اتھارٹی کو نواز شریف آئی ٹی سٹی کے قیام کے لئے 10ارب سیڈ منی دینے پربھی اتفاق کیا گیا۔

اجلاس میں پنجاب کابینہ نےکینسر کےمریضوں کے لئے مفت ادویات کی فراہمی بحال کرنے اورنوازشریف کسان کارڈ کےاجرا کی اصولی منظوری دی۔

کابینہ اجلاس میں گندم کے چھوٹے کاشتکار کو ڈائریکٹ کیش سبسڈی دینے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔ مریم نواز نے اجلاس سے گفتگو میں کہا کاشتکار کے لئے پنجاب کے سارے وسائل حاضر ہیں، آڑھتی اور دیگرمڈل مین کو کسان کے استحصال کی اجازت نہیں دے سکتے۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ریاض سے سعودی اکیڈمی بھی نواز شریف آئی ٹی سٹی میں کیمپس کھولنے کے لئے تیار ہے، آئی ٹی سٹی میں 10 ٹاور بنیں گے، فوری طور پر ٹوئین ٹاور بنائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مئی میں نواز شریف آئی ٹی سٹی کی لانچنگ کی جائے گی۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے چیف سیکرٹری کو مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے قابل پروفیشنل لوگوں کا ایک پول بنانے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں مری کے نواحی گاؤں پرینہ میں لینڈ سلائیڈ سے متاثرہ افراد کی مالی امداد کیلئے فنڈز کی منظوری دی گئی جس کے تحت 10لاکھ روپے فی گھر ملیں گے۔

سموگ کے سدباب کے لئےاعلیٰ سطح کی کمیٹی کے قیام اورپنجاب میں دفعہ 144کے نفاذ کے اختیارات ڈپٹی کمشنر کو تفویض کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔