ارجنٹینا کو فٹبال ورلڈکپ جتوانے والے کوچ لوئیس مینوٹی انتقال کرگئے

ارجنٹائن کے لیجنڈری فٹبال کوچ سیسار لوئیس مینوٹی 85 سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔

اسپورٹس سے متعلق خبریں شائع کرنے والی ویب سائٹ ‘مارسا’ کے مطابق لوئیس مینوٹی گزشتہ کچھ ماہ سے کافی علیل تھے۔ لوئیس مینوٹی اتوار کو ارجنٹینا کے دارالحکومت بیونس آئرس میں انتقال کرگئے۔

میڈیکل رپورٹس کے مطابق لوئیس مینوٹی اپنی موت سے قبل ‘اینیمیا’ کے باعث ایک ماہ تک ہسپتال میں داخل رہے۔ ان کے انتقال کا اعلان ارجنٹائن فٹبال ایسوسی ایشن کی طرف سے حال ہی میں کیا گیا۔

مینوٹی ارجنٹینا نے بطور ہیڈ کوچ 1978 میں ہوم گراؤنڈ پر ارجنٹینا کو فٹبال ورلڈکپ جتوانے میں اہم کردار ادا کیا۔ صرف یہی نہیں انہوں نے اسپینش کلب بارسلونا اور ایٹلیٹکو میڈرڈ کو بھی کئی ٹرافیاں جتوائیں۔

جنوری 2019 میں سیسار لوئیس مینوٹی کو ارجنٹائن کی قومی ٹیموں کے ڈائریکٹر مقرر کیا گیا  لیکن صحت خراب ہونے کے باعث انہیں جلد ہی استعفیٰ دینا پڑا۔

لوئیس مینوٹی کی ایک قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ وہ پاکستان ہاکی ٹیم کے بہت بڑے مداح تھے۔ ارجنٹائن کو فیفا ورلڈکپ جیتنے کی حکمت عملی انہوں نے پاکستان ہاکی ٹیم سے ہی متاثر ہوکر بنائی تھی۔

صرف یہی نہیں 1978 میں انہوں نے ارجنٹائن میں پاکستان ہاکی ٹیم سے ملاقات بھی کی تھی۔ اس موقع پر انہوں نے اُس وقت کے پاکستان ہاکی ٹیم کے کوچ وحید خان سے کوچنگ کے حوالے سے ٹِپس بھی لی تھیں۔