عامر کا ویزہ ایشو؛ پی سی بی نے کرکٹ آئرلینڈ کو خبردار کردیا

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے فاسٹ بولر محمد عامر کو ویزہ جاری نہ کرنے کے معاملے پر کرکٹ آئرلینڈ کو خبردار کردیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) فاسٹ بولر محمد عامر کے دورہ آئرلینڈ کیلئے ویزہ جاری نہ ہونے پر کرکٹ آئرلیںڈ سے ناخوش ہے جبکہ مستقبل میں کرکٹ تعلقات خوشگوار نہ رہنے سے بھی خبردار کیا ہے۔

پی سی بی کا کہنا ہے کہ محمد عامر سمیت دیگر کرکٹرز نے کاکول ٹریننگ کیمپ کے فوری بعد آئرلینڈ کیلئے ویزے اپلائی کیے تھے تاہم فاسٹ بولر کے ویزے میں تاخیر کرکٹ آئرلینڈ کی ذمہ داری ہے۔

اگر عامر کو جمعرات (آج) ویزہ جاری نہ ہوا تو وہ انگلینڈ کیخلاف ٹی20 سیریز سے قبل قومی ٹیم کو لیڈز میں جوائن کریں گے جبکہ ٹی20 ورلڈکپ سے قبل سیریز میں پاکستان کو بالنگ کمبیشن بنانے میں مشکلات کا سامنا ہوگا۔

واضح رہے کہ محمد عامر سال 2018 میں آئرلینڈ میں ایک ٹیسٹ بھی کھیل چکے ہیں۔