ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: پاک بھارت میچ کے ٹکٹ کی قیمت 55 لاکھ سے بھی زیادہ

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاک بھارت میچ کے ٹکٹس کی قیمت آسمان سے باتیں کرنے لگی۔

نیو یارک اسٹیڈیم کے ڈائمنڈ کلب کے ٹکٹ کی اصل قیمت 10 ہزار ڈالر ہے لیکن پاک بھارت میچ کے باعث ٹکٹ بلیک میں بھی فروخت کیے جارہے ہیں جس کی قیمت 20  ہزار ڈالر  یعنی تقریباً 56 لاکھ پاکستانی  روپے  تک پہنچ گئی ہے۔

عام اسٹینڈ کے ٹکٹ کی قیمت 2  ہزار 750  ڈالرز  یعنی  پاکستانی روپے میں تقریباً پونے 8  لاکھ روپے تک پہنچ گئی ہے۔

دوسری جانب انڈین پریمیئر لیگ ( آئی پی ایل) کے سابق سربراہ للت مودی نے مہنگے ٹکٹس کی فروخت  پرآئی سی سی کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: پاک بھارت میچ کے ٹکٹ کی قیمت 55 لاکھ سے بھی زیادہ
اسکرین شاٹ

للت مودی نے سوشل میڈیا پر جاری ردعمل میں پاک بھارت میچ کی ٹکٹس کی زیادہ قیمت پر حیرت کا اظہار کیا اور کہا کہ آئی سی سی کی پاک بھارت میچ سے صرف پیسہ بنانے کی نیت ظاہر ہورہی ہے۔

للت مودی نے سوال اٹھایا کہ امریکا میں ورلڈکپ کا مقصد فینز کو انگیج کرنا  ہے یا پیسے بنانا؟

 یاد رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ 9 جون کو نیویارک میں کھیلا جائے گا۔