پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ جنگ بندی کے بعد پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں ایڈیشن کے بقیہ میچز راولپنڈی میں کروانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی ایس ایل انتظامیہ نے تمام فرنچائزز کو آگاہ کیا ہے کہ جنگ بندی کے بعد غیر ملکی کھلاڑیوں کو دبئی میں ہی روکنے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ مقامی کھلاڑیوں کو اسلام آباد میں میچز کے لیے ذہنی طور پر تیار رہنے کو کہا گیا ہے۔
ابتدائی طور پر راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کو میزبان مقام قرار دیا جا رہا ہے، جہاں گروپ مرحلے کے چار اہم میچز اور ناک آؤٹ مرحلے کے مقابلے کھیلے جائیں گے۔ میچز میں کراچی کنگز، پشاور زلمی، لاہور قلندرز، اسلام آباد یونائیٹڈ، ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں شامل ہوں گی۔
پی ایس ایل انتظامیہ نے کھلاڑیوں، ہوٹلز اور گراؤنڈ اسٹاف سے رابطے تیز کرتے ہوئے میچز کی مکمل تیاریوں کا آغاز کر دیا ہے۔ اگرچہ حتمی شیڈول جاری نہیں ہوا، لیکن امکان ہے کہ شیڈول جلد منظر عام پر لایا جائے گا۔
