پی ٹی اے کا سوشل میڈیا کو کنٹرول کرنے کیلئے فائر وال کی تنصیب کا فیصلہ

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے سوشل میڈیا کو کنٹرول کرنے کے لیے فائر وال کی تنصیب کا فیصلہ کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق  پی ٹی اے نے انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں سے فائر وال تنصیب کرنے کے لیے بات چیت کا آغاز کردیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ فائر وال خصوصی فیچر ڈیپ پیکٹ انسپکشن کی صلاحیت کی حامل ہوگی، ڈیپ پیکٹ انسپکشن سے ڈیٹا کی لیئر 7 تک دیکھا جاسکے گا، ڈیپ پیکٹ انسپکشن سے سوشل میڈیا ڈیٹا کو فلٹر کیا جاسکے گا۔

ذرائع کے مطابق فائر وال ایپلی کیشن کے بجائے آئی پی لیول پر ڈیٹا بلاک کرسکے گی، فائر وال سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا پوائنٹس کی نشاندہی کرسکے گی، فائر وال آئی ڈیزکو بلاک کرنے کی صلاحیت رکھے گی، فائر وال کی تنصیب کی کچھ قیمت حکومت ادا کرے گی، اور باقی قیمت انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والی کمپنیاں ادا کریں گی۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والی کمپنیاں غیر قانونی مواد روکنے کی پابند ہیں، کمپنیاں لائسنسنگ کی شق کے مطابق غیر قانونی مواد کی روک تھام کے لیے اقدامات کی پابند ہیں، فائر وال کی تنصیب پی ٹی اے کا دائرہ اختیار ہے۔