لاہور: معروف گلوکار سلمان احمد کے خلاف سوشل میڈیا قوانین کی مبینہ خلاف ورزی پر پیکا ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق، مقدمہ لاہور کے تھانہ ڈیفنس اے میں پولیس کی مدعیت میں درج کیا گیا۔
ایف آئی آر میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ سلمان احمد نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس" (سابقہ ٹوئٹر) پر قومی سلامتی کے اداروں اور ریاست کے خلاف پراپیگنڈا کیا۔ ایف آئی آر کے مطابق ان کے فالوورز کی تعداد 2 لاکھ 65 ہزار 400 ہے، جو اس پوسٹ کے اثرات کو بڑھانے کا باعث بنی۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ سلمان احمد کی پوسٹ کو نفرت انگیز مواد تصور کیا گیا ہے اور اسے بذات خود ڈیوٹی پر موجود ایک پولیس افسر نے مشاہدہ کیا۔ اسی بنیاد پر مقدمہ قائم کیا گیا، جو کہ پاکستان الیکٹرانک کرائمز ایکٹ (پیکا) کے تحت درج کیا گیا ہے۔