اسلام آباد: ملک میں مہنگائی کم ہونے کے دعووں کے باوجود گزشتہ ہفتے کے دوران 16 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا۔
وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق مہنگائی میں اضافے کی شرح میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، اور حالیہ ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح 0.69 فیصد مزید کم ہوئی جبکہ سالانہ بنیادوں پر مجموعی شرح منفی 2.72 فیصد رہی۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ہفتے 16 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 18 اشیا سستی ہوئیں جبکہ 17 کی قیمتیں مستحکم رہیں۔
رپورٹ کے مطابق زندہ مرغی، ٹماٹر، لہسن، پیاز اور ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر سمیت مختلف بنیادی اشیا کی قیمتوں میں کمی آئی، جبکہ دال چنا، سگریٹ، چائے کی پتی، تازہ دودھ اور چاول مہنگے ہوئے۔
ادارہ شماریات نے مختلف آمدنی رکھنے والے طبقات کے لیے مہنگائی کی شرح کا بھی جائزہ لیا، جس میں کم آمدنی والے طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح میں کمی دیکھی گئی۔