پاکستان کی چین سے 10 ارب یوان کے پانڈا بانڈ کی درخواست

پاکستان نے اپنی اقتصادی بہتری کی کوششوں کے تحت چین سے 10 ارب یوان (تقریباً 1.4 ارب ڈالر) کی مالی معاونت طلب کرلی ہے۔ واشنگٹن میں ایک انٹرویو میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بتایا کہ چین کی ڈومیسٹک بانڈ مارکیٹ میں پانڈا بانڈ جاری کرنے کے لیے بھی اہم پیش رفت ہوئی ہے، جس پر ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک اور ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے صدور کے ساتھ مثبت بات چیت ہوئی ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان نے آئی ایم ایف کے ساتھ کلائمیٹ فائنانسنگ پروگرام کا آغاز کیا ہے، اور امید ہے کہ مئی میں بورڈ کی منظوری سے 1.3 ارب ڈالر کے تحت نئی فنڈنگ دستیاب ہوگی۔ اس کے ساتھ 7 ارب ڈالر کے ایک بڑے پروگرام کے پہلے مرحلے پر بھی دستخط متوقع ہیں، جس سے پاکستان کو مزید 1 ارب ڈالر ملنے کی راہ ہموار ہوگی۔

معاشی ترقی کے امکانات کے بارے میں انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال میں جی ڈی پی گروتھ 3 فیصد تک رہے گی، جبکہ آئندہ سال یہ 4 سے 5 فیصد تک اور اس کے بعد 6 فیصد کی سطح تک پہنچنے کی امید ہے۔

پاک بھارت کشیدگی پر بات کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے اعتراف کیا کہ اقتصادی تناؤ دونوں ممالک کے لیے نقصان دہ ہوگا، خاص طور پر اس تناظر میں کہ گزشتہ برس باہمی تجارت محض 1.2 ارب ڈالر تک محدود رہی۔