انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے 26 نومبر کے احتجاج کے مقدمات میں بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت 11 جون تک بڑھا دی ہے۔
عدالت نے سماعت کے دوران بشریٰ بی بی کو تفتیش میں شامل ہونے کی بھی ہدایت کی، جبکہ ان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں منظور کر لی گئیں۔ ان پر تھانہ سیکرٹریٹ اور کراچی کمپنی میں مقدمات درج ہیں۔
اس کے ساتھ ہی فیڈرل جوڈیشل کمپلیکس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت بغیر کارروائی ملتوی کرتے ہوئے 14 مئی کی نئی تاریخ مقرر کر دی گئی۔
تحریری فیصلے کے مطابق، پرانے کیسز کی سماعت کی وجہ سے جیل ٹرائل ممکن نہ ہو سکا۔
عدالت نے بانی پی ٹی آئی کے دوبارہ طبی معائنے کا بھی حکم دیا ہے جو پمز اسپتال کے ڈاکٹروں اور ان کے ذاتی معالجین، بشمول ڈاکٹر محمد عاصم یوسف، ڈاکٹر فیصل سلطان اور ثمینہ نیازی کی موجودگی میں کیا جائے گا۔
