مئی سے جولائی کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں معمول کے مطابق بارش کا امکان

ملک میں فروری سے اپریل تک معمول اور کہیں معمول سے کم بارشیں ہوئیں۔

 محکمہ موسمیات کے مطابق ملک میں فروری سے اپریل تک کہیں معمول اور کہیں معمول سے کم بارش ہوئی، سندھ اور جنوبی بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں معمول سے کم بارش ہوئی، شمالی اور وسطی علاقوں میں درمیانی اور شدید بارشیں ہوئی جب کہ بارش کم ہونےکی وجہ سے مٹی میں نمی کی کمی کا سامنا ہے۔

 مئی سے جولائی کے دوران معمول کے مطابق بارش کا امکان

 محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ مئی سے جولائی کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں معمول کے مطابق بارش کا امکان ہے، وسطی سے جنوبی حصوں میں معمول سے زیادہ بارش ہوسکتی ہے۔

اس کے علاوہ شمال مشرقی پنجاب میں سب سے زیادہ بارش کا امکان ہے جب کہ خیبرپختونخوا،گلگت بلتستان اورکشمیر میں معمول سےکم بارش متوقع ہے، پنجاب، سندھ، بلوچستان اور جنوبی خیبرپختونخوا میں معمول کے مطابق بارش ہونے کا امکان ہے۔

مئی سے جولائی کے دوران ہیٹ ویو  اور مختلف حصوں میں سیلاب کا خدشہ 

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ ان 3 ماہ کے دوران ہیٹ ویو کا امکان بھی موجود ہے، جنوبی پنجاب اور سندھ کے میدانی علاقوں میں ہیٹ ویوز آسکتی ہیں، جون، جولائی میں سندھ، پنجاب، آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا کے کچھ علاقوں میں سیلاب کا خدشہ ہے جب کہ کے پی کے بالائی علاقوں،گلگت بلتستان اور کشمیر میں درجہ حرارت میں اضافے کی توقع ہے، زیادہ درجہ حرارت سے برف پگھلنے کی رفتار بڑھے گی اور دریاؤں کی سطح میں اضافہ ہوگا۔

مغربی سسٹم کے تحت سندھ کے مختلف علاقوں میں بارش کا امکان

محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی لہر ملک کے بالائی و وسطی علاقوں پر اثرانداز ہے، یہ سسٹم ملک کے جنوبی حصے پر پھیل رہا ہے،  آج تھرپارکر، عمرکوٹ کے اضلاع میں آندھی اور درمیانی بارش کا امکان ہے، ٹھٹہ ،بدین، میرپورخاص، حیدرآباد اور سانگھڑ میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش متوقع ہے۔

اس کے علاوہ  کل بھی سندھ میں کہیں کہیں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جب کہ  پیر کو جامشورو، دادو، قمبرشہدادکوٹ اور سکھر میں آندھی اورہلکی بارش ہوسکتی ہے۔

 کراچی میں پیر کو آندھی اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش متوقع

دوسری جانب کراچی میں بھی پیر کو آندھی اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے، کراچی میں آئندہ تین روز موسم گرم اور مرطوب رہنےکاامکان ہے، شہر میں اتوار کو تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔