آپریشن’’بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص‘‘ کی کامیابی، ملک بھر میں جشن، مٹھائیاں تقسیم

اسلام آباد: بھارت کی جارحیت کے منہ توڑ جواب پر پاکستان بھر میں آپریشن ’’بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص‘‘ کی کامیابی کا جشن منایا گیا۔ عوام نے افواجِ پاکستان کے جذبے کو خراج تحسین پیش کیا اور سڑکوں پر نکل کر وطن سے محبت کا اظہار کیا۔
چھوٹے بڑے شہروں میں عوامی ریلیاں نکالی گئیں، جن میں شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ مختلف علاقوں میں افواجِ پاکستان کے جوانوں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور ان کو گلدستے پیش کیے گئے۔
لکی مروت، باجوڑ، شمالی وزیرستان، چترال، مردان اور نوشہرہ سمیت خیبر پختونخوا کے متعدد علاقوں میں عوام نے فتح کا جشن منایا۔
پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے شہروں میں بھی وطن سے محبت کے مظاہرے دیکھنے میں آئے۔ مختلف ریلیوں میں ہر مکتبہ فکر کے افراد نے شرکت کی اور پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے۔
شرکا نے اس عظیم کامیابی پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا اور ملک کے دفاع پر مامور جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔