ملک کے بیشتر حصوں میں شدید گرمی کی لہر، اسلام آباد میں بارش اور ژالہ باری کا امکان

ملک کے بیشتر میدانی علاقے آئندہ دو سے تین روز تک شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے، محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان، پنجاب اور سندھ میں درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ تک زیادہ رہنے کا امکان ہے، جو عوام کو شدید گرمی کے اثرات سے متاثر کر سکتا ہے۔

اسلام آباد میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود ہے اور شہر میں تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو موسم کی ممکنہ شدت کے پیش نظر احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔

خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم خیبر، وزیرستان، بنوں، کوہاٹ، ہنگو، کرک اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بارش متوقع ہے۔

ادھر گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس سے بالائی علاقوں میں درجہ حرارت میں معمولی کمی آسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ شدید گرمی کے دوران غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے گریز کریں اور پانی کا زیادہ استعمال کریں۔