پشاور کے نواحی علاقے تارو جبہ میں فائرنگ کے واقعے میں خواجہ سرا وفا جاں بحق جبکہ ڈرائیور زخمی ہو گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق وفا درگئی میں ایک نجی تقریب میں شرکت کے بعد رات گئے واپس اپنے گھر جا رہا تھا جب نامعلوم مسلح افراد نے گاڑی پر فائرنگ کر دی۔
فائرنگ سے خواجہ سرا وفا موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ ڈرائیور کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور شواہد اکھٹے کرنے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے۔ ابتدائی طور پر ذاتی دشمنی سمیت دیگر ممکنہ وجوہات کو مدنظر رکھا جا رہا ہے۔