کراچی میں ساتویں بار زلزلے کے جھٹکے، شدت 2۔4 ریکارڈ

کراچی کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے ساتویں بار جھٹکے محسوس کیے گئے، ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 2.4 ریکارڈ کی گئی۔

زلزلہ پیما مرکز رطابہ عروس کے مطابق لانڈھی فالٹ لائن پر ساتویں بار زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں، گہرائی 188 کلومیٹر ریکارڈ کی گئ جبکہ زلزلے کا مرکز ملیر کے مشرق میں 11 کلومیٹر فاصلے پر تھا۔

اس سے پہلے اسی فالٹ لائن پر کچھ دیر پہلے 3.2 شدت کے جھٹکے محسوس کئے گئے تھے، زلزلے کی گہرائی 10 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی، زلزلے کا مرکز کراچی کے علاقے قائد آباد کے نزدیک تھا۔

واضح رہے کہ بعد از نصف شب بھی کراچی کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔

زلزلے کے جھٹکے ملیر، لانڈھی، قائد آباد میں محسوس کئے گئے جس کے بعد ان علاقوں کے عوام شدید خوف و ہراس میں مبتلا ہوکر گھروں سے باہر نکل آئے اور کلمہ طیبہ کا ورد کرنے لگے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل بھی کراچی میں اتوار کی شام پانچ بجکر 33 منٹ پر 3 اعشاریہ 6 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے تھے۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز قائد آباد کے قریب تھا اور اس کی گہرائی 10 کلومیٹر تھی۔

اس صورت حال پر چیف میٹرولوجسٹ امیر حیدر کا کہنا ہے کہ زلزلے کے یہ جھٹکے لانڈھی فالٹ ریجن میں آرہے ہیں، یہ معمولی جھٹکے ہیں، اس فالٹ لائن پر آج تک بڑے زلزلہ کے جھٹکے نہیں آئے ہیں، کراچی کی دوسری فالٹ لائن تھانہ بولا خان کے قریب ہے، یہ دونوں متحرک فالٹ لائن ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ان دونوں فالٹ لائنز میں معمولی شدت کے زلزلے رپورٹ ہوتے ہیں، کیرتھر کے قریب بھی مین باؤنڈری لائن ہے، یہاں معتدل شدت کی زلزلے رپورٹ ہوتے رہتے ہیں، فالٹ لائن کو معمول پر آنے میں چند روز لگ سکتے ہیں، اس فالٹ لائن پر آئندہ چند روز تک زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے جا سکتے ہیں۔