پاکستان کو ٹی بی اور ایچ آئی وی کی دواؤں میں خود کفیل ہونا ہوگا: عالمی ادارے

عالمی ادارہ صحت اور یو این ایڈز نے پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ ایچ آئی وی اور ٹی بی کی ادویات بھارت سے درآمد کرنے کے بجائے مقامی سطح پر تیار کرے۔

اداروں کے مطابق ملک میں تقریباً ساڑھے تین لاکھ ایچ آئی وی کے مریض موجود ہیں جبکہ ہر سال ٹی بی کے 6 لاکھ نئے کیسز سامنے آتے ہیں، تاہم صرف 5 ہزار مریضوں کو ادویات مل پاتی ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں بیشتر اہم ادویات کی مقامی تیاری نہ ہونے کے برابر ہے، اس لیے فوری طور پر فارماسیوٹیکل کمپنیوں کو عالمی ادارہ صحت سے منظور شدہ ادویات تیار کرنے کی طرف راغب کیا جانا چاہیے۔ فی الوقت پاکستان میں صرف 4 ادویات کو عالمی ادارہ صحت کی منظوری حاصل ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ مقامی کمپنیاں بین الاقوامی معیار کی منظوری لینے میں کم دلچسپی رکھتی ہیں، تاہم ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی جلد ایچ آئی وی، ٹی بی اور ملیریا کی ادویات کے لیے درخواستیں طلب کرے گی۔ ساتھ ہی صوبوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ان امراض کی ادویات کو لازمی ادویات کی فہرست میں شامل کریں۔