جولائی میں کورونا کیسز12لاکھ تک پہنچ سکتے ہیں‘اسد عمر

اسلام آباد-وفاقی وزیرمنصوبہ بندی اسدعمر کے مطابق جون کے وسط میں ڈیڑھ لاکھ کیسز ہیں جو مہینے کے آخر میں دگنے ہوسکتے جولائی کے آخر تک ملک میں کورونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 10 سے 12 لاکھ تک پہنچ سکتی ہے۔اسلام آباد میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹرکے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ وزیراعظم نے اپریل میں جب بندشوں میں کمی کی تھی اور اس کے بعد مئی میں بھی تو وہ ہر مرتبہ یہی تاکید کرتے تھے کہ ہم جتنی حفاظتی تدا بیر کو اپنائیں گے، ڈاکٹرز کی ہدایات پر عمل کریں گے اتنا ہی کورونا کی وبا کا پھیلا کم ہوگا ٗجون کے آخر میں کورونا کیسز 3 لاکھ تک پہنچ سکتے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ 26 فروری کو ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا تھا اور جون کے وسط میں تقریبا ڈیڑھ لاکھ کیسز موجود ہیں۔اپنی بات جاری رکھتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ جس طریقے سے صورتحال جارہی ہے اگر اس میں  کوئی تبدیلی نہ کی گئی تو ہمارے ماہرین کے مطابق جون کے آخر تک اس تعداد میں 2 گنا اضافہ ہوچکا ہوگا یعنی یہ تقریبا 3 لاکھ تک بھی پہنچ سکتی ہے۔ اس وباء سے بچنے کا سب سے آسان طریقہ ماسک پہننا ہے، اگر اپنا اور اپنے خاندان کا دفاع کرنا چاہتے ہیں تو ماسک پہنیں۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سماجی فاصلہ قائم کریں اور اس حوالے سے حکومت ہدایات جاری کرچکی ہے اور گزشتہ 10 روز سے انتظامی کارروائی شروع کی گئی ہے، دکانیں بند کی گئی ہیں،

 

ٹرانسپورٹ کی گاڑیوں کے چالان کیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ عوام کو پریشان کرنے کے لیے نہیں ہے یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ لوگوں کی صحت کا خیال رکھا جائے اگر نہیں کریں گے تو لوگوں سے روزگار چھننا شروع ہوجائیں گے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا تھا کہ جہاں زیادہ بیماری ہوگی وہاں بندشیں لگائی جائیں گے جسے ہاٹ اسپاٹس بھی کہا جاتا ہے، ٹیکنالوجی کی بنیاد پر نظام بنایا گیا ہے جس کے ذریعے صوبوں کی مدد کی جاسکے۔وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ کہ ملک میں 1200 چھوٹے مقامات پر یہ بندشیں نافذ تھیں اور اب پنجاب میں لاہور سے بندشوں کا آغاز کیا جائے گا اور پیر سے پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی زیادہ پھیلا ؤوالے مقامات کی نشاندہی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ وباء نے تو پھیلنا ہے لیکن ہمیں اس کی رفتار میں کمی کرنی ہے تاکہ ہمارا صحت کا نظام مفلوج نہ ہو اور بڑے شہروں کے ہسپتال دباؤ کا شکار نہ ہوں جو دبا ؤکا شکار ہوئے بھی ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ جون کے آخر تک انتہائی نگہداشت یونٹ کے 1000 بستر اور جولائی کے آخر میں 2150 بستروں کا اضافہ کیا جائے گا، یہ بستر وفاق کی جانب سے صوبوں کو فراہم کیے جائیں گے۔سندھ میں 500، خیبرپختونخوا 400، پنجاب 500، بلوچستان 200، گلگت بلتستان 45، آزاد کشمیر 60 اور اسلام آباد میں 450 بستروں کا اضافہ کیا جائے گا۔اسد عمر نے کہا کہ اس وقت ملک میں یومیہ 45 سے 50 ہزار ٹیسٹس کی صلاحیت موجود ہے اور آئندہ 3 ہفتوں میں اس تعداد کو ڈیڑھ لاکھ تک بڑھایا جائے گا۔