کورونا کے وار جاری‘ مزید67اموات رپورٹ

اسلام آباد -پاکستان میں کورونا وائرس ہر گزرتے دن کے ساتھ تیزی سے پھیل رہا ہے اور اب تک مصدقہ کیسز کی تعداد ایک لاکھ 42ہزار 666 تک پہنچ گئی جبکہ 2 ہزار 663 لوگ وائرس سے انتقال کرگئے ہیں۔ ملک میں وائرس کے6  ہزار365 نئے کیسز اور67 اموات بھی رپورٹ ہوئی ہیں۔جون کے ابتدائی 13 روز میں صورتحال مزید تشویش ناک رہی اور اس عرصے میں 64 ہزار سے زائد نئے کیسز اور 1100 اموات رپورٹ ہوئیں۔ 14  جون کو بھی ملک میں نئے کیسز اور اموات کا اضافہ ہوا جبکہ صحتیاب افراد کی تعداد بھی بڑھ گئی۔سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 2 ہزار 287 نئے کیسز اور 15 اموات کا اضافہ ہوا۔وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 11 ہزار 197 ٹیسٹس کیے گئے جس میں سے 2 ہزار 287 مثبت آئے جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی مجموعی تعداد 53 ہزار 805 ہوگئی۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں 15 افراد زندگی کی بازی بھی ہار گئے جس کے بعد یہ تعداد 831 تک پہنچ گئی۔پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 2514 نئے کیسز اور 31 اموات کا اضافہ ہوا۔سرکاری سطح پر اعداد و شمار بتانے کے لیے بنائی گئی

 

ویب سائٹ کے مطابق صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 2514 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد مجموعی تعداد 52 ہزار 601 تک پہنچ گئی۔اسی طرح وہاں مزید 31 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جس سے یہ تعداد 938 سے بڑھ کر 969 ہوگئی۔وہیں اسلام آباد میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے اور آج اب تک 771 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی جبکہ 4 افراد زندگی کی بازی بھی ہار گئے۔اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 771 نئے مریضوں کی تشخیص ہوئی جس کے ساتھ ہی یہ تعداد 7 ہزار 163 سے بڑھ کر 7 ہزار 934 ہوگئی۔مزید یہ اس کے علاوہ 4 افراد کا انتقال بھی ہوا جس سے اموات کی مجموعی تعداد 71 سے بڑھ کر 75 تک پہنچ گئی۔خیبرپختونخوا میں گزشتہ روز 14 مریض دم توڑ گئے اموات کی تعداد 675 ہوگی جبکہ کیسز کی تعداد 563 کے اضافے کے بعد 18013 ہوگئی ہے۔

 

محکمہ صحت بلوچستان کی رپورٹ میں کورونا کے مزید 149 کیسز کی تصدیق کی گئی جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 8177 ہوگئی۔رپورٹ میں مزید 2 مریضوں کے جاں بحق ہونے کی بھی تصدیق کی گئی جس کے بعد یہاں اموات کی تعداد 85 ہوگئی ہے۔گلگت بلتستان میں بھی کورونا وائرس کے مزید 51 نئے کیسز سامنے آئے۔جس کے بعد وہاں اس سے متاثر ہونے والے مجموعی کیسز کی تعداد ایک ہزار 44 سے بڑھ کر ایک ہزار 95 ہوگئی۔علاوہ ازیں آزاد کشمیر میں بھی کیسز کی تعداد روز بروز بڑھ رہی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں وہاں مزید 30 افراد وائرس سے متاثر ہوئے۔ مجموعی تعداد 574 سے بڑھ کر 604 تک پہنچ گئی۔اس کے علاوہ ایک اور فرد اس وائرس سے زندگی کی بازی ہار گیا اور یہ تعداد 11 سے بڑھ کر 12 ہوگئی۔دریں اثنا ملک میں کورونا وائرس سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں 1679 افراد صحتیاب ہوگئے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں صحتیاب ہونے والے ان افراد کے بعد اب تک مجموعی طور پر 50 ہزار 56 سے بڑھ کر 51 ہزار 735 ہوگئی۔