معیشت اور دیگر شعبوں میں حکومت اپوزیشن میثاق ناگزیر ہے‘علی محمد خان

 تخت بھائی(عدنان ظفر) پارلیمانی امور کے وزیر مملکت علی محمد خان ایوان میں حکومت اور حزب اختلاف کے درمیان ورکنگ ریلیشن شپ کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے صرف معیشت نہیں بلکہ بعض دیگر اہم معاملات پر میثاق کو ضروری گردانتے ہیں

اتوار کے روز اپنی رہائش گاہ  پر آج کو خصوصی انٹرویو میں علی محمد خان کا کہنا ہے کہ اس وقت توانائی بحران‘ تعلیم‘ آبی وسائل اور قومی سلامتی جیسے اہم معاملات پر حکومت اور حزب اختلاف کے درمیان میثاق ہو نا چاہئے‘ایوان کے اندر اور باہر عرصے سے جار ی سیاسی تناؤ سے متعلق سوال کے جواب میں علی محمد خان کا کہنا ہے کہ سیاسی کشمکش کے اثرات ضرور منفی انداز میں مرتب ہوتے ہیں اور اس سے مختلف اداروں کیساتھ پارلیمانی کمیٹیوں کی کارکردگی پر بھی اثر پڑتا ہے تاہم اس سب کے ساتھ عمران خان اپنے وژن کے مطابق قومی خزانہ لوٹنے والوں سے حساب لینے کیلئے پرعزم ہیں اور رہیں گے اس پر اپوزیشن اگر ناراض ہوتی ہے تو صرف اس ناراضگی پر ہم اپنے منشور سے نہیں ہٹ سکتے

علی محمد خان کا کہنا ہے کہ ہمارے وسائل بحیرہ عرب میں نہیں ڈوبے ہمارے خزانے کو لوٹا گیا اور ہم اس کا حساب مانگتے ہیں ان کا کہنا ہے کہ ہم اب بھی حزب اختلاف کو اہم قومی امور میں ساتھ لے کر چلنے کیلئے تیار ہیں‘خود اپوزیشن اپنے رویئے پر نظرثانی کرے علی محمد خان کا کہنا ہے کہ لیڈر کی اصل طاقت اس کا اعلیٰ کردار ہوتا ہے یہی کردار اس کی بات کو وزن دیتا ہے۔یہی بات اس کو مضبوط بناتی ہے قائداعظم محمد علی جناح کا اعلیٰ کردار ہی تھا کہ لوگ ان کی بات کے و زن کی اہمیت جانتے تھے ہمیں بہتر سیاسی ماحول کیلئے اس طرح اپنے موقف پر ڈٹے رہنا چاہئے اور اپنے کردار و عمل سے قائدانہ صلاحیتوں کو ثابت کرنا چاہئے۔