سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی سفارشات منظور

اسلام آباد۔سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافے اور سگریٹ پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی میں 100 فیصد اضافے کی سفارشات کی منظوری دے دی،جبکہ ٹڈی دل کے تدارک کیلئے 8 ارب روپے مختص کرنے اور تمباکو مصنوعات پر ٹیکسوں میں اضافے کی سفارشات کی بھی منظوری دے دی، کمیٹی نے ٹیکس اہداف کے حصول کیلئے فنانس بل پر نظر ثانی کی سفارش بھی کردی۔

پیر کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس چیئرمین کمیٹی فاروق ایچ نائیک کی صدارت میں ہوا،سینیٹر کلثوم پروین کی جانب سے سگریٹ پر ایف ای ڈی میں اضافے کی سفارش کی گئی،سینیٹر کلثوم پروین نے کہا کہ سگریٹ پر ایف ای ڈی میں 100 فیصد اضافہ کیا جائے،رواں مالی سال ریونیو میں 20 ارب روپے کا نقصان اسی وجہ سے ہے،کمیٹی نے سگریٹ پر ایف ای ڈی میں 100 فیصد اضافے کی سفارش کی منظوری دیدی،  سینیٹر کلثوم پروین نے کہا کہ نجی سکولوں کی فیس پر ٹیکس لیوی ختم کی جائے،سینیٹر غوث محمد نیازی نے ایف بی آر کے محصولات کے ہدف پر نظر ثانی کی تجویز دی۔