وزیراعظم کی پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے اعزاز میں تقریب

اسلام آبادمیں  وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے پاکستان اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی اس تقریب میں وفاقی وزرا، سفارتکاروں، چیئرمین پی سی بی سمیت دونوں ٹیموں کے کرکٹرز نے شرکت کی۔

اس موقع پر اپنے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ امید ہے پاکستان دوسرا ٹیسٹ جیتے گا، انگلینڈ کو مبارک ہو ، دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان کم بیک کرے گا، بڑی قربانیوں کے بعد پاکستان میں امن قائم ہوا.

دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستانی فورسز اور  عوام نے بڑی قربانیاں دی ہیں، سترہ سال بعد انگلش ٹیم نے پاکستان میں کرکٹ کھیلی ، پاکستان  اور انگلینڈکے درمیان کرکٹ مشترک ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ انگلش کپتان بین اسٹوکس سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے آگے آئے ان کے مشکور ہیں۔

 وزیراعظم نے تقریب کے بعد صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو بھی کی اور کہا کہ پاکستان میں کھیلوں کی ترقی کیلئے کوشاں ہیں۔

وزیراعظم نے ڈپارٹمنٹل اسپورٹس کی بحالی کے حکم نامے پر عمل درآمد نہ ہونے کا نوٹس بھی لیا اور اس حوالے سے رپورٹ طلب کرلی۔

تقریب سے خطاب میں چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے کہا کہ انگلینڈ ٹیم کی اپروچ برینڈن میک کولم کے آنے سے تبدیل ہوئی، انگلش ٹیم کی جیت کا کریڈٹ کوچ کو جاتا ہے۔

چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے کہا کہ پاکستانی ٹیم انگلینڈ کا ملتان میں بھرپور مقابلہ کرے گی، ملتان میں ایک نئی کرکٹ نظر آئے گی۔