پاکستانی کپتان بابراعظم ٹیسٹ پلیئر آف دی منتھ کیلئے نامزد

آئی سی سی نے دسمبر 2022ء کیلئے پلیئر آف دی منتھ کی نامزدگیوں کا اعلان کردیا۔

پلیئر آف دی منتھ کیلئے نامزد کھلاڑیوں میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم، انگلینڈ کے ہیری بروک اور آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ شامل ہیں۔

بابراعظم (پاکستان)

 بابراعظم نے دسمبر کے مہینے میں انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کیخلاف شاندار کاکردگی کا مظاہرہ کیا، بابراعظم نے دسمبر میں چار ٹیسٹ میچز میں حصہ لیا جس میں انہوں نے کپتانی کے دباؤ کے باوجود تسلسل کیساتھ رنز بنانے کا سلسلہ بھی جاری رکھا۔ ان میچز میں انہوں نے دو سنچریاں اور تین نصف سنچریاں اسکور کیں۔

نیوزی لینڈ کیخلاف پہلے ٹیسٹ میں بابر نے پاکستان کی پہلی اننگز میں وکٹ پر 6 گھنٹے طویل قیام کیا اور 161 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ بابراعظم نے دسمبر کے مہینے میں 65.37 کی اوسط سے 523 رنز اسکور کیے۔

ہیری بروک ( انگلینڈ)

انگلینڈ کے ہیری بروک نے پاکستان کیخلاف تین ٹیسٹ میچز مین شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور پورے دسمبر میں 93.60 کی حیران کن اوسط سے 468 رنز بنائے۔

ٹریوس ہیڈ (آسٹریلیا)

آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ نے دسمبر میں چار ٹیسٹ میچز میں ایک سنچری کی بدولت 91 کی اوسط سے 455 رنز بنائے، اس کے ساتھ ساتھ ویسٹ انڈیز کے خلاف دو وکٹیں بھی حاصل کیں۔