وقار یونس اورحفیظ کا ثانیہ کو ریٹائرمنٹ اور شاندار کیرئیرپر خراج تحسین

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کوچ وقار یونس اور سابق کپتان محمد حفیظ نے ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کو شاندار کیرئیر پر خراج تحسین پیش کیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وقار یونس نے ثانیہ مرزا کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ثانیہ کے بارے میں جب سوچتے ہیں تو کیا الفاظ ذہن میں آتے ہیں۔

انہوں نے لکھا کہ جذبہ، ثابت قدمی اور سخت محنتی کے الفاظ میرے ذہن میں آتے ہیں، غیر معمولی کیرئیر پر ثانیہ مرزا کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

ساتھ ہی وقار یونس نے ثانیہ کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔

اس کے علاوہ محمد حفیظ نے بھی ثانیہ مرزا کے لیے ٹوئٹ کی اور لکھاکہ شاندار اور متاثر کن کامیاب کیرئیر پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، ساتھ ہی انہوں نے ٹینس اسٹار کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔

اس سے قبل شعیب ملک نے بھی اپنی اہلیہ کو سوشل میڈیا پوسٹس کے ذریعے خراج تحسین پیش کیا تھا۔

 ثانیہ مرزا نے اپنے آخری گرینڈ سلم آسٹریلین اوپن میں شرکت کی جس میں ثانیہ اور ان کے ساتھی روہن بوپنا کو مکسڈ ڈبلز کے فائنل میں شکست ہوئی۔

میچ کے اختتام پر گفتگو کے دوران ثانیہ مرزا کی آنکھوں میں آنسو آگئے اور انہیں اس موقع پر روتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔

دوران گفتگو ثانیہ مرزا نے رک کر آنکھوں سے آنسو صاف کیے اور کہا کہ میرا پروفیشنل کیرئیر میلبرن سے شروع ہوا، کیرئیر ختم کرنے کے لیے اس سے اچھے ارینا کا سوچ بھی نہیں سکتی۔