خیبرپختونخوا میں بھتہ کالز کی وصولی میں اضافہ

پشاور:خیبرپختونخوا میں بھتا وصولی کے لیے کالز میں اضافہ ہوا ہے،گزشتہ سال ایک کروڑ سے زیادہ بھتا کالز شہریوں کو موصول ہوئی ہیں۔حکام کے مطابق بھتے کیلئے بیشترکالز افغانستان کے نمبروں سے آتی ہیں۔

ذرائع کے مطابق آئی جی پولیس خیبرپختونخوا اختر حیات خان گنڈا پور نے فنانشل کرائم یونٹ قائم کرنیکا فیصلہ کیا ہے، ڈی آئی جی سطح کا پولیس افسر فنانشل کرائم یونٹ کا سربراہ ہوگا۔

حکام کے مطابق بھتا کالز کیسز میں ملزمان کی نشاندہی اورگرفتاری کے لیے جدید ٹیکنالوجی استعمال کی جائیگی۔حکام نے بھتا کالز کا معاملہ افغانستان کے ساتھ اٹھانیکا بھی فیصلہ کیا ہے، افغان حکومت  سے بھتا خوروں کے خلاف کارروائی کے لیے تعاون مانگا جائے گا۔

نجی ٹی وی سے گفتگو میں آئی جی خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ فنانشل کرائم یونٹ کے قیام کا مقصد دہشت گردی میں استعمال ہونے والے پیسوں کے ذرائع کو روکنا ہے، منی لانڈرنگ کا سدباب اور  بھتا خوری کیسز سے نمٹنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔

آئی جی خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ بھتا خوری، اغوا برائے تاوان اور منی لانڈرنگ اب برداشت نہیں ہوگی۔