پشاور کے علاقہ فقیر آباد میں نامعلوم رہزنوں نے دو بھائیوں سے 30لاکھ روپے چھین لئے جبکہ مزاحمت پر فائرنگ کرکے ایک بھائی کو زخمی کر دیا۔
جہان زیب ولد ہاشم نے فقیر آباد پولیس کو بتایا کہ وہ اپنے بھائی کے ساتھ نجی بینک سے 30لاکھ روپے کی رقم نکال کر واپس گھر جا رہا تھا۔
اتحاد کالونی میں نامعلوم مسلح موٹرسائیکل سواروں نے ان کا راستہ روک کر انہیں اسلحہ کی نوک پر یرغمال بنالیا۔
اس دوران مسلح افراد ان سے 30لاکھ روپے کی نقدی چھین کر فرار ہونے لگے، اس دوران اس نے مزاحمت کی کوشش کی جس پر راہزنوں نے فائرنگ کردی جس سے وہ گولی لگنے سے زخمی ہو گیا جبکہ اس کا بھائی بال بال بچ گیا۔
واردات کے بعد مسلح افراد فرار ہوگئے ۔ مجروح کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج سمیت دیگر شواہد اکٹھے کرے تفتیش شروع کردی ہے۔