عثمان خان نے پی ایس ایل تاریخ کی تیز ترین سنچری جڑ دی

 راولپنڈی: ملتان سلطانز کے عثمان خان نے پی ایس ایل کی تیز ترین سنچری بنانے کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔

راولپنڈی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پی ایس ایل کے 28ویں میچ میں ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں مدمقابل آئیں، جس میں گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیتا تو قائم مقام کپتان محمد نواز نے سلطانز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

سلطانز کی جانب سے محمد رضوان اور عثمان خان نے اننگز کا آغاز کیا اور گراؤنڈ کے چاروں طرف اسٹروک کھیلے جبکہ عثمان خان نے تمام ہی بولرز کی خوب پٹائی کی۔

عثمان خان نے 36 گیندوں پر 7 چھکوں اور گیارہ چوکوں کی مدد سے پی ایس ایل کی تیز ترین سنچری اسکور کی اور یہ اعزاز اپنے نام کرلیا۔

بعد ازاں اننگز کے گیارہویں اوور میں عثمان خان محمد نواز کی گیند پر 43 گیندوں پر 120 رنز بناکر اسٹمپ آؤٹ ہوئے۔