عدالت سے کہہ رہا ہوں کہ جان خطرے میں ہے سیکیورٹی دیں، عمران خان

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ عدالت سےکہہ رہا ہوں کہ جان خطرے میں ہے اس لئے تحفظ مانگ رہے ہیں۔

لاہور زمان پارک میں تحریک انصاف کی انتخابی ریلی پہلے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی پارٹی رہنماؤں کے ساتھ مشاورت ہوئی۔ رہنماؤں میں شاہ محمود، اسد عمر، خالد خورشید، اسد قیصر، اعجازچوہدری اور مسرت جمشید چیمہ بھی شامل تھے۔

مشاورت میں ریلی انتظامات اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور بتایا گیا کہ ریلی کچھ دیر بعد زمان پارک سے شروع ہوگی، عمران خان کو مختلف علاقوں سے آنے والے قافلوں سے متعلق بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا کہ میری جان کو خطرہ ہے اس لئے عدالت سے تحفظ مانگ رہے ہیں، عدالت سے کہہ رہا ہوں کہ جان خطرے میں ہے سیکیورٹی دیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ اپنے خلاف مقدمات میں عدالتوں میں پیش ہونے میں کوئی مسئلہ نہیں، پاکستان میں دہشت گردی کی فضاء ہے اور ہم اس کا مقابلہ کر رہے ہیں۔