لاہور میں سستے آٹے کے تھیلے کی فروخت بند کر دی گئی

لاہور میں 1158 روپے میں 10کلو آٹے کے تھیلے کی فروخت بند کر دی گئی۔

محکمہ خوراک پنجاب کے مطابق سستے آٹے کی فروخت میں بے ضابطگی کے شواہد ملے ہیں جس کے باعث سستے آٹے کے تھیلے کی فروخت چند روز کے لیے بند کی گئی ہے۔

محکمہ خوراک پنجاب کا کہنا ہے کہ بے ضابطگی کی روک تھام کے لیے سستے آٹے کی فروخت وقتی روکی گئی ہے۔

ذرائع محکمہ خوراک پنجاب کے مطابق حکومت مفت آٹے کی تقسیم کے باعث سستے آٹے کی سپلائی بحال نہیں کر سکی۔

سستے آٹے کی فروخت بند ہونے سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا ہے اور ان کا کہنا ہے کہ فری کے بجائے سستا آٹا لے رہے تھے، اب سستا آٹا نہ ملنے کے باعث مہنگا کمرشل آٹا خریدنے پر مجبور ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ سفید پوش لوگوں سے حکومت نے روٹی بھی چھین لی ہے۔