کپتانی تنازعہ، ہمیں بابر اعظم کو سپورٹ کرنا چاہیے، چیئرمین پی سی بی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)  کے چیئرمین نجم سیٹھی نے بابر اعظم کی کپتانی سے متعلق ہونے والی چہ مگوئیوں پر ردعمل دے دیا۔

ٹوئٹر پر جاری بیان میں نجم سیٹھی نے کہا کہ کئی ماہ سے کرکٹ اور میڈیا کے حلقوں میں بابر اعظم کو کپتان برقرار رکھنے کے فائدہ اور نقصان پر بحث ہو رہی ہے، بابر  کو تینوں فارمیٹ کا کپتان برقرار رکھنے پر بحث کی جارہی ہے۔

نجم سیٹھی نے کہا کہ یہ فیصلہ چیئرمین کا ہے، میں نے پہلے چیئرمین سلیکشن کمیٹی شاہد آفریدی اور اب ہارون رشید کے خیالات جانے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں کمیٹیوں کا خیال تھا کہ یہ بات میرٹ پر پورا اترتی ہے کہ اس پر بحث ہو، اس کے بعد دونوں اس نتیجے پر پہنچے کہ صورتحال جوں کی توں رہنی چاہیے، میں نے پبلک میں اس تمام صورتحال کو بیان کیا۔

نجم سیٹھی نے کہا حتمی تجزیہ یہ ہے کہ اس کا فیصلہ موجودہ صورتحال کی کامیابی اور ناکامی سے مشروط ہوگا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ آگے بڑھنے کے لیے سلیکٹرز ، ڈائریکٹرز کرکٹ آپریشنز اور ہیڈکوچ رہنمائی کریں گے، مجھے توقع ہے کہ وہ مجھے مشورہ دینے کے لیے بہترین پوزیشن میں ہوں گے۔

چیئرمین پی سی بی نے مزید کہا کہ ہمیں بابر کو سپورٹ کرنا چاہیے اور اس معاملے کو قومی ٹیم کے مفاد میں متنازع نہیں بنانا چاہیے۔