آپ فینز کی بات کر رہے ہیں، مجھے تو کرکٹرز کے والدین کا فون آچکا ہے ، زینب

 پاکستانی پریزینٹر  زینب عباس، جنہوں نے انکشاف کیا  کہ ایک مرتبہ پاکستانی کرکٹر سے متعلق حقائق لکھنے پر ان کے والدین کا فون آگیا تھا۔

ایک ڈیجیٹل اسپورٹس نیٹ ورک کو دیے جانے والے انٹرویو کے دوران زینب عباس سے پوچھا گیا کہ اگر آپ کسی کرکٹر کی کارکردگی سے متعلق کچھ منفی بات لکھتی ہیں تو ان کھلاڑیوں کے مداحوں کا کیا ردعمل ہوتا ہے؟

زینب عباس نے  کہا کہ آپ فینز کی بات کر رہے ہیں، مجھے تو کرکٹرز کے والدین کا فون آچکا ہے۔

انہوں نے کہا 'میں کسی کا نام نہیں لوں گی لیکن میں جھوٹ نہیں بول رہی، ایک مرتبہ میں نے ایک مشہور کرکٹر سے متعلق کچھ حقائق لکھےجو کہ نمبرز  پر مبنی تھے، اس کے بعد مجھے ان کے والدین کا فون آگیا تھا'۔

زینب عباس نے کہا 'مجھے بولا گیا برائے مہربانی اس کے بارے میں ایسا نہ لکھیں لیکن میں نے جو لکھا تھا وہ سچ تھا اور وہ اسپورٹس ویب سائٹ کرک انفو پر بھی لکھا ہوا تھا'۔

دوسری جانب اسی انٹرویو میں، انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ بعض کھلاڑی صحافیوں کو تحائف پیش کرتے ہیں اور اس کے بدلے ان سے فیورز مانگتے ہیں۔

انہوں نے کہا 'میں اس حقیقت سے واقف ہوں کہ بعض کھلاڑی بعض صحافیوں کو بہت سارے تحائف دیتے رہے ہیں تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ وہ ان کے حق میں بات کریں، یہ ایک عام رواج ہے، اگر تحائف نہیں تو ٹکٹس بھی دیے جاتے ہیں'۔

زینب نے انکشاف کیا کہ سوشل میڈیا پر کھلاڑیوں کے لیے 'ٹرینڈز' ان کے منیجرز چلاتے ہیں جب کہ زیادہ تر کھلاڑیوں کو اس حوالے سے کوئی علم نہیں ہوتا۔