عدالت پیچھے نہیں ہٹ سکتی، الیکشن کرانے پڑیں گے، اعتزاز احسن

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سینئر قانون دان اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ عدالت نے 14 مئی کو انتخابات کرانے ہیں، عدالت پیچھے نہیں ہٹ سکتی، ملک میں الیکشن کرانے پڑیں گے۔

نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے پنجاب میں انتخابات کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے پر اظہار خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے مذاکرات کے نتیجے سے فیصلہ دینا ہے، سپریم کورٹ نے ایک موقع دیا ہے۔ ن لیگ شاید پنجاب کے الیکشن سے لاتعلق ہوگئی ہے۔

پیپلز پارٹی رہنما کا کہنا تھا کہ انہوں نے پہلے سابق وزیراعظم عمران خان کو اسمبلیاں تحلیل کرنے کا مشورہ دیا تھا، جب انہوں نے اسمبلیاں تحلیل کیں تو پھر یہ بھاگ گئے۔ ن لیگ نے پہلے اسمبلیاں تحلیل کرائیں اور خود مزے کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) والے بھولے بادشاہ ہیں، انہیں سمجھ نہیں آتی۔ ن لیگ والے 40 سال سے سیاست کر رہے ہیں، وہ گول کو اٹھا کر دائیں، بائیں لے جانے کے ماہر ہیں۔

وفاقی وزیر قانون رانا ثناء اللہ کے بیان کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ رانا ثناء ججز کے خلاف کافی ایگریسو تقریر کر رہے ہیں۔ حکومت اس وقت صرف ججز کے رشتہ داروں کے فون ٹیپ کر رہی ہے۔