چین کا پاکستان کے مالی استحکام اور عالمی مالیاتی بحران میں حمایت کا اعلان

اسلام آباد : چینی وزیرخارجہ چن گانگ نے پاکستان کے مالی استحکام اور عالمی مالیاتی بحران میں حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا امید کرتے ہیں پاکستان میں سیاسی قوتیں مل بیٹھ کر درپیش چیلنجز پر قابو پانے کی کوشش کریں گی

تفصیلات کے مطابق پاکستانی دفتر خارجہ میں پاک چین وزرائے خارجہ کی مشترکہ نیوز کانفرنس ہوئی۔

چینی وزیر خارجہ چن گانگ نے پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا وزیرخارجہ بلاول بھٹو کو چین میں خوش آمدید کہیں گے ، امید ہے وزیر خارجہ بلاول بھٹوجلد چین کا دورہ کریں گے۔

چن گانگ کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک سی پیک پر پیشرفت سےمطمئن ہیں، پاکستانی مصنوعات کےلیےچین کی مارکیٹ دستیاب ہے۔

انھوں نے کہا کہ چین دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، پاکستان میں چینی شہریوں کے تحفظ کیلئے اقدامات سے بلاول بھٹو نے آگاہ کیا ہے جبکہ بلاول بھٹونے پاکستان میں چینی باشندوں پر حملے کی تحقیقات سےآگاہ کیا۔

چینی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اورچین میں باہمی پروازیں نارمل ہوچکی ہیں، صورت حال کوروناسے پہلے کی پوزیشن پرآ چکی ہے۔

چن گانگ نے بتایا کہ ہم پاکستان کی بھرپور حمایت کو سراہتے ہیں، ممالک کےمابین مسائل کومذاکرات سے حل کرنےکی حمایت کرتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ امید کرتے ہیں پاکستان میں سیاسی قوتیں مل بیٹھ کر درپیش چیلنجز پر قابو پانے کی کوشش کریں گی۔

مذاکرات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ وزیرخارجہ بلاول بھٹواورمیں نے تمام معاملات پر بات چیت کے آغاز پر اتفاق کیا، سی پیک ، سائنس وٹیکنالوجی، زراعت اوردیگرشعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا اور پاکستان کے مالی استحکام،عالمی مالیاتی بحران میں حمایت کا اعلان کیا ہے۔

چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ دورہ پاکستان کاایک اہم مقصدپاک افغانستان اورچین کی سہ فریقی بات چیت بھی ہے، آج تینوں ممالک کےمذاکرات ہوں گے۔

چن گانگ کا کہنا تھا کہ گزشتہ ماہ وزیرمملکت حناکھر اور میں نے افغانستان کے حوالے سے اجلاس میں شرکت کی، خطےکےممالک میں افغانستان کےمعاملے پراتفاقِ رائے پیداکریں گے، چین افغانستان کےحوالےسےمذاکرات پرپاکستان کی مکمل حمایت کرتاہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ چین،پاکستان اور افغانستان پڑوسی ہیں، پاکستان اورچین افغانستان کی تعمیر نو میں مدد کے لیے تیار ہیں، امید ہے افغانستان پڑوسیوں کے دہشت گردی خدشات کو سنجیدگی سے لے گا اور امید ہے سہ فریقی مذاکرات کامیاب ہوں گے۔

چینی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان بات چیت ومذاکرات کے ذریعےمسائل حل کرسکتےہیں، چین افغانستان اور پاکستان کیساتھ سیکیورٹی وانسداددہشتگردی تعاون بڑھانےکوتیارہے، عالمی برادری کا فرض ہے وہ افغان عوام کےمسائل کےحل کیلئےکوشش کرے۔