‘وزیراعظم 25 مئی کو یوم تکریم شہداء پر تعطیل کا اعلان کریں’ نگراں وزیراعلیٰ پنجاب

لاہور : نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے وزیراعظم شہباز شریف سے 25 مئی کو یوم تکریم شہداء کے موقع پر عام تعطیل کا اعلان کرنے کی درخواست کردی۔

تفصیلات کے مطابق نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے وزیراعظم سے درخواست کی ہے کہ 25مئی کویوم تکریم شہداء پر تعطیل کااعلان کریں، تاکہ شہدا کو بھرپور خراج تحسین پیش کرسکیں۔

خیال رہے سوشل میڈیا پر یوم تکریم شہداء پر وفاقی حکومت کی جانب سے عام تعطیل کے اعلان کی خبریں گردش کررہی تھیں تاہم وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے 25 مئی کو یوم تکریم شہدا پر عام تعطیل کی خبروں کو مسترد کردیا تھا۔

یاد رہے کہ حکومت کی جانب سے شہدائے پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرنے کیلئے 25مئی کو’’یوم تکریم شہدائے پاکستان‘‘ منانے کا فیصلہ کیا گیا تھا ، جس کی مرکزی تقریب جی ایچ کیو کی یادگارشہدا پر ہوگی۔

یوم تکریم شہدائے پاکستان کا مقصد جہاں ایک طرف شہداکی لازوال قربانیوں کی یاد تازہ کرنا ہے اور قوم کو یہ بھی پیغام دینا ہے شہدااوران کی فیملیز، یادگاروں کی تکریم اور احترام ہر پاکستانی کا فخر ہے۔

یوم تکریم شہدائے پاکستان میں ملک بھر میں تقریبات کو نمایاں انداز میں پیش کیا جائے گا، تقریبات میں شہدائے پاکستان کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا جا ئے گا۔

خصوصی پروگرام اور تقریبات میں شہدا کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی اور دعائیں ہوں گی اور افواجِ پاکستان ، پولیس ودیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی یادگارشہداکوسلامی دی جائے گی،