’پی ڈی ایم میں پھوٹ پڑے گی، جہانگیری تڑکا لگے گا‘

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید آج کچہری میں پیش نہیں ہوں گے ان کے وکلاء حاضری سے استثنی کی درخواست دائر کریں گے۔ اگر شیخ رشید عدالت میں پیش ہوں گے تو گرفتار کر لئے جائیں گے۔

شیخ رشید نے کہا ہے کہ بیس دن بڑے اہم ہیں، پی ڈی ایم میں پھوٹ پڑے گی، پیپلز پارٹی اور ن لیگ آمنے سامنے ہوگی، اُڈاری پرندے پیپلز پارٹی کے ٹوکرے میں بھی بھیجیں جائیں گے۔

ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں شیخ رشید نے کہا کہ نواز شریف پر دوبارہ کراس لگ گیا ہے، ن لیگ نظریہ ضرورت کے سائز تک رکھی جائے گی مختلف مسالحوں سے کچھڑی پکے گی، جہانگیری تڑکا لگے گا، لیکن عمران خان دیوار چین ثابت ہوگا۔

شیخ رشید نے مزید کہا کہ تاریخی افراط زر گروتھ منفی، آئی ایم ایف سے کٹٗی، کاروبار تباہ، معیشت غرق، مالیاتی مدد ناپید ہے، ملک جل رہا ہے اور ان کو دوروں کی پڑی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ زندگی میں پہلی بار عدلیہ اور عدل کو بے بس پایا، حکومت نےعدل، انصاف اور ججوں کے فیصلے کو بھی نظر بند کردیا ہے، کیا قید ہے کیا رہائی ہے، عدلیہ سے رہائی اور جیل کے گیٹ پر گرفتاری کا نیا پروانہ ہے، گیدڑ اور گدھیں قوم کو نوچ رہیں ہیں، گدھوں نے اسلام آباد کے ستائیس کلومیڑ کے اصطبل پر قبضہ کرلیا ہے، چوبیس کروڑ لوگ بند گلی میں داخل ہوچکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سیاسی جہنم سے نکلنے کا راستہ دکھائی نہیں دیتا، حالات بد سے بدتر ہوتے جارہے ہیں، آگے کھائی اور پیچھے گڑھا ہے، حکومت بے فکر ہے کیونکہ اُن کی ساری مال دولت اور جائیدادیں ملک سے باہر ہیں۔