نئی سیاسی صف بندی، جہانگیر ترین کی سابق وزیراعظم سے اہم ملاقات

سابق وزیراعظم آزاد کشمیرسردار تنویر الیاس سے جہانگیر ترین کی ملاقات ہوئی ہے۔

ذرائع کے مطابق تنویر الیاس کی لاہور میں جہانگیر ترین کی رہائشگاہ پر ملاقات ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں کے ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع نے بتایا کہ جہانگیر ترین سردار تنویر الیاس کو ترین گروپ میں شمولیت کی دعوت دیں گے۔اس کے علاوہ نعمان لنگڑیال اور لالا طاہر رندھاوا، عون چوہدری اور مہرا سلم بھروانہ سمیت ترین گروپ کے سینئر رہنما جہانگیر ترین کی رہائشگاہ پہنچ چکے ہیں۔

واضح رہے کہ جہانگیر ترین سے پی ٹی آئی چھوڑنے والوں کے رابطے جاری ہیں، جہانگیر ترین آج سیاسی رہنماؤں اور اپنے گروپ کے ممبران سے ملاقاتیں کریں گے۔

جہانگیر ترین نے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تنویر الیاس کو کہا کہ جہانگیر ترین سے بہت پرانا تعلق ہے، ان کے ساتھ مل کر آگے چلنے پر بات ہوئی۔ سراج الحق اور چوہدری شجاعت سے بھی ملاقات ہوئی ہے، جب کہ مختلف سیاسی رہنماؤں سے رابطہ کر رہے ہیں، البتہ سیاسی مستقبل کا اعلان بعد میں کریں گے۔ملکی معاشی صورتحال تشویشناک ہے، میں نے کبھی نہیں کہا میں آزاد کشمیر کا اسٹیک ہولڈر ہوں، میں پاکستان کا اسٹیک ہولڈر ہوں جب کہ کوئی علیحدہ گروپ نہیں ہوگا، سب ساتھ چلیں گے۔

اس موقع پر نعمان لنگڑیال کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کا نظریہ چھوڑ کر آنے والوں کو ویلکم کریں گے، 9 مئی کے واقعات کی وجہ سے پاکستان کی جگ ہنسائی ہوئی، لہٰذا ان واقعات کی مذمت حب الوطنی ہے۔