عوام کو پھر بجلی کا جھٹکا ، فی یونٹ ساڑھے 7 روپے مہنگی

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے رات گئے عوام پر بجلی گرا دی، بجلی 7 روپے 50 پیسے فی یونٹ مہنگی کری گئی۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے بجلی 7 روپے 50 پیسے فی یونٹ تک مہنگی کر دی ہے، بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 3 روپے سے ساڑھے 7 روپے فی یونٹ تک اضافہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق کابینہ نے سرکولیشن کے ذریعے سمری کی منظوری دی، نیپرا نے ٹیرف اوسط 4 روپے 96 پیسے فی یونٹ بڑھانے کی منظوری دی تھی، یہ منظوری رواں مالی سال کے لیے تھی۔

حکومت نے بنیادی قیمت میں اضافے کی درخواست نیپرا میں دائر کر دی ہے، نیپرا اب وفاقی حکومت کی درخواست پر سماعت کے بعد فیصلہ دے گا، نیپرا سبسڈی ایڈجسٹمنٹ کو مد نظر رکھ کر سماعت کے بعد فیصلہ کرے گا۔ ذرائع کے مطابق نیپرا کے فیصلے کے بعد وفاقی حکومت اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دے گی، قیمتوں میں اضافے کا اطلاق یکم جولائی سے کرنے کی تجویز ہے۔

100 یونٹ والے گھریلو صارفین کے لیے بجلی 3 روپے فی یونٹ مہنگی کرنے کی، 101 سے 200 یونٹ والے صارفین کے لیے 4 روپے فی یونٹ اضافے، 201 سے 300 یونٹ تک والے صارفین کے لئے 5 روپے فی یونٹ، 301 یونٹ سے 400 یونٹ تک 6 روپے 50 پیسے فی یونٹ، جب کہ 400 سے 700 یونٹ والے صارفین کے لیے 7 روپے 50 پیسے فی یونٹ اضافے کی تجویز دی گئی ہے۔

اضافے سے اوسط فی یونٹ ٹیرف 35 روپے 42 پیسے سے بڑھ کر 42 روپے 72 پیسے فی یونٹ ہو جائے گا، سیلز ٹیکس کے نفاذ کے بعد فی یونٹ قیمت 50 روپے تک پہنچ جائے گی، بنیادی قیمت میں اضافے کا اطلاق یکم جولائی سے کرنے کی تجویز دی گئی ہے، اور منظوری کے بعد جولائی کے بقایا جات بھی عوام سے وصول کیے جائیں گے۔