پاکستان روس سے 12لاکھ ٹن تیل خریدنے کا خواہشمندہے‘مصدق ملک

لاہور:وزیر مملکت پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ پاکستان روس سے سالانہ 12لاکھ ٹن تیل خریدنے کا خواہشمند ہے،روس سے ہرماہ ایک لاکھ ٹن تیل خریدنے کی ڈیل ہو رہی ہے اوراس سلسلے میں معاملات طے پا چکے ہیں۔

پاکستان24 جولائی کوآذربائیجان کے ساتھ ایل این جی کارگو کا معاہدہ کرنے جارہاہے اورسعودیہ کے ساتھ ریفائنری کے حوالے سے ڈیل کر رہے ہیں۔

 ایک انٹر ویو میں انہوں نے کہا کہ ملک میں سب سے زیادہ 1500ایم ایم سی ایف ڈی گیس فرٹیلائزرکھاجاتے ہیں، فرٹیلائزر سیکٹرزکے سستی گیس کے معاہدوں کی میعاد ختم ہورہی ہے،فرٹیلائزرزکوگیس فراہم کرنے کے نئے معاہدے نئی شرائط پر ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ صنعتوں کوسستی ایل این جی فراہم کرنے کی نئی پالیسی متعارف کرارہے ہیں اور اس کیلئے صنعتکاروں سے ملاقات کا شیڈول طے پاگیا ہے۔

ملک میں پیڑول اور ڈیزل کی بڑے پیمانے پراسمگلنگ جاری ہے، جس سے پاکستان کو 120 ارب روپے کا نقصان ہورہا ہے۔

مصدق ملک نے کہا کہ پاکستان کے روس سے تیل خریدنے پرامریکہ کوکوئی تحفظات نہیں ہیں۔