سٹاک مارکیٹ میں ایک مرتبہ پھرزبردست تیزی ریکارڈ

معیشت کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال کے ممکنہ خاتمے کے اثرات پاکستان سٹاک مارکیٹ پر پڑنے لگے، ایک مرتبہ پھر تیزی ریکارڈ کی گئی۔

حصص مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز مثبت انداز میں ہوا، صبح دس بجے کے قریب انڈیکس میں 117 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی جو دوپہر بارہ بجے تک 214 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گئی تھی۔

کاروبار کے دوران ایک موقع پر انڈیکس میں 300 پوائنٹس کی بھی تیزی ریکارڈ کی گئی اور انڈیکس 46700 پوائنٹس کی حد عبور کر گیا تھا۔

تاہم کاروبار کے اختتام پر یہ سطح برقرار نہ رہ سکی اور 100 انڈیکس 265.18 پوائنٹس کی تیزی کے بعد 46682.52 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔ کاروبار میں 0.57 فیصد کی بہتری دیکھی گئی۔

آج حصص مارکیٹ میں 24 کروڑ 30 لاکھ 56 ہزار 307 شیئرز کا لین دین ہوا جس کے باعث سرمایہ کاروں کو 40 ارب روپے سے زائد کا فائدہ ہوا۔