امیتابھ بچن کو ورلڈکپ میچز دیکھنے کیلئے گولڈن ٹکٹ مل گیا

بالی ووڈ کی لیجنڈری شخصیت امیتابھ بچن کو ورلڈ کپ گیمز دیکھنے کیلئے گولڈن ٹکٹ دے دیا گیا۔

بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کی جانب سے بالی ووڈ سپر اسٹار کوکرکٹ ورلڈ کپ 2023 کا گولڈن ٹکٹ دیا گیا ہے۔

کرکٹ بورڈ نے یہ اعلان آج اپنے آفیشل ایکس ہینڈل پر کیا ہے۔

5 اکتوبر سے 19 نومبر تک بھارت ون ڈے کرکٹ ورلڈ کپ کی میزبانی کرے گا، بالی ووڈ کی مشہور شخصیات ورلڈ کپ گیمز دیکھنے کے لیے خاصا پُر جوش ہیں۔

بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری اور ایشین کرکٹ کونسل کے سربراہ جے شاہ شاہ نے بھارتی فلم انڈسٹری کے لیجنڈ اداکار سے ملاقات کی اور انہیں بطورِ مہمان خصوصی میچ دیکھنے کی دعوت دی۔

امیتابھ بچن کو جے شاہ سے ورلڈ کپ گیمز کا گولڈن ٹکٹ ملا ہے، جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں۔

6 اکتوبر کو قومی ٹیم ون ڈے کرکٹ ورلڈ کپ کے اپنے افتتاحی میچ میں نیدرلینڈز کے مدِمقابل آئے گی۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان میگا ایونٹ کا میچ 14 اکتوبر کو احمد آباد کے نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔