شاہد کپور کو سنجے بھنسالی نے فلم کی آفر کردی

اداکار شاہد کپور اور معروف ڈائریکٹر سنجے لیلا بھنسالی پھرسے ایک پروجیکٹ کے لیے یکجا ہونے جارہے ہیں، امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ یہ ایک مسالا انٹرٹینر فلم ہوگی۔

تازہ ترین میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہد کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ سنجے اور اداکار ایک دوسرے کی کافی عزت کرتے ہیں اور ان کے درمیان ایک خصوصی پروجیکٹ کے سلسلے میں بات چیت جاری ہے۔ اس مسالا انٹرٹینر کے لیے بھنسالی کی ٹیم نے اسکپرٹ بھی لکھ لیا ہے۔

فلم میکر کی جانب سے مذکورہ پروجیکٹ کے لیے کچھ مہینوں سے کاسٹنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے، بھنسالی کی شاہد کے ساتھ فلم کی ترتیب اور معاوضے کے حوالے سے تفصیلی بات چیت ہوئی ہے۔

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ ابھی اسکرپٹ کے لیے کسی ڈائریکٹر کا انتخاب نہیں کیا گیا جیسے ہی شاہد پروجیکٹ کے لیے رضامندی ظاہر کرتے ہیں تو پھر بات آگے بڑھے گی کیوں کہ بھنسالی پروجیکٹ کے لیے انڈسٹری کے ٹاپ ڈائریکٹر کا انتخاب کرنا چاہتے ہیں۔

شاہد کپور اس وقت اپنے کیریئر کے عروج پر دکھائی دیتے ہیں ’فرض‘ سے لے کر ان کی حالیہ ریلیز ’بلڈی ڈیڈی‘ نے شائقین اور ناقدین سے خوب داد سمیٹی ہے۔

اس وقت بھی وہ کئی مختلف پروجیکٹس پر کام کررہے ہیں، تاہم رپورٹس کے مطابق وہ پھر سے پدماوت کے ڈائریکٹر سنجے لیلا بھنسالی کے ساتھ کام کرنے جارہے ہیں۔

اس سے قبل ‘کبیر سنگھ‘ کے اداکار کھل کر اظہار خیال کر چکے ہیں کہ پدماوت میں رنویر سنگھ اور دیپیکا کی موجوگی میں وہ فلم میں بالکل کارنر ہوگئے تھے اور انھیں خود بھی اپنا کردار اتنا پسند نہیں آیا تھا۔

حالیہ دنوں میں بھی فلم پدماوت میں ’مہاراوال رتن سنگھ‘ کا کرادار ادا کرنے والے اداکار کا کہنا تھا کہ وہ کبھی کبھی خود بھی سوچتے ہیں کہ انھوں نے یہ کردار کیوں قبول کیا۔ تاہم اب کئی سالوں بعد وہ سنجے لیلا بھنسالی کی فلم میں مرکزی کردار نبھانے جارہے ہیں۔